لاہور(شوبز ڈیسک)دیکھتی آنکھوں کو ہر دلعزیز چہرہ دیکھے 3 برس بیت گئے، طارق عزیز کے چاہنے والے آج ان کی برسی منا رہے ہیں، نامور کمپیئر اور اداکار کا منفرد انداز آج بھی مداحوں کو یاد ہے۔
دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں آپ کو طارق عزیز کا سلام، یہ سلام دنیا بھر میں گونجا، فن میں بے مثال، اداکار، صداکار، شاعر اور میزبان، خبرنامہ، میزبانی، انٹرویوز، تعلیمی و تفریحی ٹیلی ویژن شوز ان سب کی ابتدا طارق عزیز نے کی۔ نیلام گھر کا میزبان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے ابتدائی نیوز کاسٹر طارق عزیز اپنے فن میں بے مثال تھے۔
1938 کو جالندھر میں پیدا ہونے والے طارق عزیز نے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا اور پھر پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے نیوز کاسٹر بنے، ان کا پروگرام نیلام گھر چار دہائیوں تک ٹیلی ویژن سکرین کی زینت بنا رہا اور مقبولیت کے ایسے ریکارڈ قائم کئے جو کسی اور پروگرام کے حصے میں نہیں آئے۔
اسی بنا پر نیلام گھر کو انہی کے نام طارق عزیز شو کے نام سے موسوم کر دیا گیا۔طارق عزیز سلور سکرین پر بھی جلوہ گر ہوئے، ان کی مشہور فلموں میں انسانیت، ہار گیا انسان، سالگرہ، قسم اس وقت کی اور چراغ کہاں روشنی کہاں شامل ہیں۔انہوں نے شاعری اور سیاست کے میدان میں بھی طبع آزمائی کی، 85 برس کی عمر پانے والے طارق عزیز کو پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا، وہ 17 جون 2020 کو اس عالم رنگ و بو کو خیر باد کہہ گئے۔