ممبئی (ویب ڈیسک) — بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اپنی ننھی بیٹی دعا سنگھ پڈوکون کی ویڈیو وائرل ہونے پر برہم ہوگئیں۔ اداکارہ نے عوامی مقام پر مداح کو بیٹی کی ریکارڈنگ کرنے سے منع کیا اور واضح طور پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔
رپورٹس کے مطابق ایک تقریب میں لی گئی ویڈیو میں دیپیکا کو اپنی بیٹی دعا کو گود میں اٹھائے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں جیسے ہی کسی نے دعا کا چہرہ کیمرے میں قید کرنے کی کوشش کی تو دیپیکا نے فوری طور پر بیٹی کا چہرہ چھپا لیا اور مداح کو ریکارڈنگ نہ کرنے کا کہا۔
اداکارہ کی ناراضگی کے باوجود ویڈیو کا ایک چھوٹا سا حصہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں دعا کی ہلکی سی جھلک مداحوں کو دیکھنے کو ملی۔ صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دعا بالکل اپنے والد رنویر سنگھ سے مشابہت رکھتی ہیں، جبکہ کئی لوگوں نے اداکارہ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی پرائیویسی کا احترام ضروری ہے، خصوصاً جب والدین نے ’نو پکچر پالیسی‘ اپنا رکھی ہو۔









