ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ زینت امان نے اپنے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دیو آنند نے انہیں کام دلوایا اور اسٹار بنایا ورنہ وہ یورپی ملک مالٹا منتقل ہونے والی تھیں۔
زینت امان کو سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر آئے کچھ زیادہ عرصہ نہیں ہوا، تاہم وہ اس ایپ پر اپنی موجودگی کا احساس دلاتی رہتی ہیں۔اسی حوالے سے انہوں نے اپنی تازہ ترین پوسٹ میں عہد ساز اداکار، فلم ساز اور پروڈیوسر آنجہانی دیو آنند کو نہایت ہی شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔زینت امان کے مطابق انکا خاندان بھارت چھوڑ کر جانا چاہتا تھا لیکن پھر دیو آنند کی 1971 کی فلم ”ہرے راما ہرے کرشنا” میں انہیں کاسٹ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ دیو آنند نے انہیں اور انکے خاندان کو فلم کی ریلیز کے موقع پر ممبئی سے باہر جانے سے روک دیا۔
زینت امان کے مطابق انہیں اسٹار بنانے والے دیو آنند ہیں جنکی وجہ سے انہیں اس فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔ان کا کہنا تھا کہ میری والدہ اور میں اتنا طویل انتظار نہیں کرسکتے تھے لیکن دیو آنند ہمیں بار بار اس فلم کی تکمیل اور ریلیز کیلیے راضی کرتے رہے۔ زینت امان نے اپنی اس پوسٹ کے ساتھ ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کی جس میں وہ دیو آنند کے ساتھ موجود ہیں۔









