لاہور(کامرس ڈیسک) نگران وزیر لائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد سے میٹ ایکسپورٹرز نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور، وائس چانسلر ویٹرنری یونیورسٹی نعیم احمد اور دیگر افسران بھی موجو د تھے ۔
صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ حلال گوشت کی برآمد میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی، پنجاب کا ملک میں لائیوسٹاک کے حوالے سے سب سے زیادہ حصہ ہے، دنیا میں سالانہ 2 ہزار ارب ڈالر کی حلال گوشت کی تجارت ہوتی ہے،
پاکستان ڈیری پیداوار میں دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے، ڈیری اکنامک پراسیسنگ زون نہ ہونے کے باعث مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوتے۔انہوںنے کہا کہ نگران وزیراعلی محسن نقوی زرعی معیشت کے فروغ کے خواہاں ہیں، میٹ ایکسپورٹرز کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،
گوشت کے برآمد کنندگان کی تجویز وفاقی حکومت تک پہنچائیں گے۔سیکرٹری لائیو سٹاک مسعود انور نے کہا کہ میٹ ایکسپورٹرز کیلئے ون ونڈو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، چین سمیت دیگر ممالک کو بیف کی برآمد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ مل سکتا ہے۔