دمشق: شام کے دارالحکومت میں ایک حساس فوجی تنصیب پر ہونے والے اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں دو عام شہری زخمی ہو گئے۔ شامی میڈیا کے مطابق یہ حملہ فوجی ہیڈکوارٹر کے داخلی دروازے کے قریب کیا گیا، جہاں عام شہری بھی موجود تھے۔
اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) نے تصدیق کی ہے کہ یہ کارروائی بدھ کے روز عمل میں لائی گئی اور بتایا کہ شام میں دروز آبادی پر جاری کشیدگی کے پیش نظر علاقے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق یہ حملے اسرائیلی سیاسی قیادت کی ہدایت پر جاری ہیں اور فوج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کی تیاری رکھتی ہے۔
شامی سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ اگرچہ نشانہ فوجی تنصیب تھی، لیکن زخمی ہونے والے دونوں افراد کا فوج سے کوئی تعلق نہیں۔ واقعے کے بعد دمشق میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شام کے جنوبی علاقے سویدا میں، جہاں دروز آبادی کی اکثریت ہے، صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے اور مظاہروں و جھڑپوں کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔