لاہور (نیوز رپورٹر )وزیرِاعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ رمضان المبارک پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔
مریم نواز نے رمضان المبارک کی آمد پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اہل پنجاب سمیت تمام امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد، رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کی سعادت نصیب ہونے پر اللہ کریم کے شکر گزار ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ رمضان صبر، تقوی، ایثار کا درس دیتا ہے، یہ مہینہ اللہ کی رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا موسم ہے، دعائیں قبول ہوتی ہیں۔وزیرِاعلی پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار نگہبان رمضان پیکیج کے تحت لاکھوں نادار خاندانوں کو ان کی دہلیز پر راشن فراہم کیا گیا، پنجاب میں راشن کے لیے قطاروں کا خاتمہ کیا، ریاست نےمدد خود نادار افراد کی دہلیز پر پہنچائی۔
مریم نواز نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج 2025 کے تحت 31 ارب روپے کو مالی معاونت مستحق خاندانوں تک براہ راست گھروں میں پہنچائی جا رہی ہے۔ رمضان المبارک میں محروم معیشت گھرانے کو 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں تاکہ وہ ضروریات عزت و وقار کے ساتھ پوری کر سکیں۔ وزیرِاعلی پنجاب نے مزید یہ بھی کہا کہ پنجاب بھر میں سہولت رمضان بازار قائم کیے گے ہیں، افسران کو فیلڈ ڈیوٹیز تفویض کر دی گئیں، رمضان المبارک صرف عبادات نہیں، بلکہ ضرورت مندوں کا ہاتھ تھامنے اور سہارا بننے کا مہینہ بھی ہے، صاحبِ استطاعت افراد اپنے اردگرد نادار لوگوں کی ضروریات کا خیال رکھیں۔