لاہور کی داتا دربار پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران تین سالہ مغوی بچے کو بازیاب کرا لیا ہے، جو چھ دن قبل اپنی والدہ کے ساتھ زیارت کے لیے آیا تھا۔ پولیس نے بچے کے اغوا میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، ننھا حسن اپنی والدہ اور بھائیوں کے ہمراہ داتا دربار آیا تھا۔ والدہ نے بچوں کو قریب ہی ایک پارک میں بٹھایا اور خود کھانا لینے چلی گئیں۔ اسی دوران ایک مشکوک شخص موقع کا انتظار کرتا رہا اور 45 منٹ کے بعد بچے کے بڑے بھائی کو معمولی رقم دے کر دکان سے چیز لینے کے لیے روانہ کر دیا۔
ملزم نے تنہا رہ جانے والے تین سالہ حسن کو موقع سے اغوا کیا اور بس میں سوار ہو کر فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر داتا دربار پولیس نے فوری مقدمہ درج کیا اور تفتیش کا آغاز کیا۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے مسلسل چھ روز تک دن رات کام کیا۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے متعدد سواریوں کا استعمال کیا اور مختلف علاقوں میں چھپتا رہا۔
آخرکار پولیس نے سراغ لگاتے ہوئے مغوی بچے کو ایک سنسان مکان سے بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے اغوا کے بعد بچے پر تشدد بھی کیا تھا۔