لاہور(کرائم رپورٹر) شہریوں کےلیے بڑی خوشخبری، ٹریفک چالان پرایک وقت میں ایک کوڈ پرجرمانہ ہوگا، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب نے صوبے کے تمام ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرایک وائلیشن کوڈ پرجرمانہ کیا جائے گا۔ ایک سے زیادہ ٹریفک وائیلیشن کوڈ لگانےکوختم کردیا گیاہے۔ مراسلے کے مطابق ٹریفک آفیسر چالان کرتے وقت ایک ہی کوڈ لگا کر جرمانہ کریگا۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب کی جانب سے صوبے کے تمام ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق منسٹر ٹریفک کی میٹنگ میں یہ بات زیر بحث آئی تھی کہ ٹریفک آفیسرز کی جانب سے ایک وقت میں چالان پر ایک سے زیادہ کوڈلگا کر جرمانے کیے جارہےہیں جس پریہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ آئندہ کوئی ٹریفک آفیسر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرایک وقت میں ایک ہی کوڈ لگائے گا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے لوڈر گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کیے جاتے تھےجس کےلیے چالان کرتے وقت انکو ایک سے زائد کوڈ لگاکر جرمانہ کیا جاتا تھا۔ اس مراسلے کے بعد آئندہ کسی کو بھی ایک سے زائد کوڈ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔