لاہور ( کامرس ڈیسک )خریداری کے رجحان میں کمی کے باوجود برائلر گوشت کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی ۔ شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 36روپے اضافے سے570روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت24روپے اضافے سے380روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت3روپے اضافے سے277روپے فی درجن کی سطح پر رہی ۔
دکانداروںکے مطابق قیمت میں اضافے کے بعد خریداری کے رجحان میں کمی آئی ہے ۔ قیمتوںمیں اضافے اور خریداری کے رجحان میں کمی کی وجہ سے دکانداروں میں بھی پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ متعدد مقامات پر دکانداروں نے خریداری روک دی ہے اورقلت کی وجہ سے قیمت 600روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ نارووال سے نمائندے کے مطابق فی کلو برائلر گوشت کی قیمت583 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔مرغی کے گوشت کے دوکانداروں کا کہنا ہے کہ برائلر گوشت کی فروخت میں حالیہ چند روز میں انتہائی کمی دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے انہوںنے مرغی کی خریداری کم کر دی ہے ۔









