کوئٹہ(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ قوم کی بھی ذمہ داری ہے کہ وسائل کی بچت کرے، ملک کو توانائی کی بچت کی بہت زیادہ ضرورت ہے، توانائی کی بچت سے مالی وسائل میں اضافہ ممکن ہے۔
بدھ کو وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں وفاقی وزراء کے وفد نے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی جس میں وفاقی سیکرٹری نے توانائی کی بچت سے متعلق کابینہ سے منظور شدہ سٹریٹیجی پر بریفنگ دی، وفاقی وزرا میں قمر زمان کائرہ، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مولانہ عبدالواسع وزیر دفاع کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو گزشتہ حکومت نے سبوتاژ کیا، وسائل کی کمی کی وجہ سے سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ مالی مسائل پر جلد قابو پایا جائے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت کی ہمارے ملک کو بہت زیادہ ضرورت ہے، توانائی کی بچت سے مالی وسائل میں اضافہ ممکن ہے، حکومت کے ساتھ قوم کی بھی ذمہ داری ہے کہ وسائل کی بچت کرے، پیٹرول اور گیس کی درآمد پر زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ توانائی کی بچت کی لئے موثر سٹریٹیجی بنائی گئی ہے، سٹریٹیجی پر عملدرآمد اور مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے صوبائی حکومت اور تاجروں کا تعاون ضروری ہے، کوئٹہ آنے کا مقصد صوبائی حکومت کو توانائی کی بچت کی سٹریٹیجی پر اعتماد میں لینا اور تعاون کا حصول ہے۔









