نارووال (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریسکیو 1122نارووال کے فلیٹ میں شامل ہونے والی دو نئی ایمبولینسز کے افتتاح پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ ریسکیو 1122ایک بہترین اور منظم ادارہ ہے جو دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے، نوجوان انٹرنیز بھی ریسکیو 1122سے منسلک ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پروزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے انٹرن شپ پروگرام کے تحت ٹریننگ مکمل کرنے والے انٹرنیز کی تقریب حلف برداری کا اہتمام بھی ریسکیو 1122آفس نارووال میں کیا گیا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نعیم اختر نے ریسکیو آفس میں آمد پر احسن اقبال اور دوسرے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ریسکیو کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔









