غزہ میں امدادی سامان لوٹے جانے کے اسرائیلی دعوے پر اقوامِ متحدہ کے ادارے "ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP)” نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حماس کسی امدادی قافلے یا سامان پر قبضہ نہیں کرتی۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنڈی مک کین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب WFP کے ٹرک کسی غزہ کے علاقے میں پہنچتے ہیں تو وہاں کے شدید فاقہ زدہ شہری خود بھاگ کر ان کے گرد جمع ہو جاتے ہیں تاکہ کچھ کھانے کو مل جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کہ حماس امداد لوٹ رہی ہے، سراسر غلط اور حقائق کے برعکس ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا، "ہماری پوری ٹیم صرف انسانیت کے ناتے مدد کر رہی ہے، نہ ہم سیاست کرتے ہیں نہ فریق بنتے ہیں۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ لوگ شدید بھوک میں مبتلا ہیں اور کسی بھی امداد کو دیکھ کر لپک پڑتے ہیں۔”
ادھر فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے "فلسطین کو آزادی دو” اور "غزہ میں خونریزی بند کرو” جیسے بینرز اٹھا رکھے تھے اور عالمی برادری سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔