کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ حبا بخاری نے بیٹی آیا نور کی تصاویر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔حالیہ دنوں اداکارہ نے ایک رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی، جس کی میزبانی فیصل قریشی کر رہے تھے، اس دوران انہوں نے اپنی بیٹی آیا نور کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتائی۔
حبا بخاری نے بتایا کہ ہم نے آیا نور کا نام بہت تحقیق کے بعد رکھا، اس کا مطلب چاندنی ہے، جو ایک بہت خوبصورت نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ابھی بہت چھوٹی ہے، اس لیے میں اسے سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہتی، بہت سے مداح ہماری خوشیوں میں شریک ہیں اور ہماری بیٹی کو دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن ہم مناسب وقت پر ہی اس کا تعارف کرائیں گے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب ہم باہر جاتے ہیں تو لوگ ہماری بیٹی کی تصاویر لینے کی کوشش کرتے ہیں اور جب ہم انہیں منع کرتے ہیں تو بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم بدتمیزی کر رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنی بیٹی کی پرائیویسی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔حبا بخاری کے اس بیان کے بعد ان کے مداحوں نے ان کے فیصلے کی حمایت کی اور آیا نور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔