لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورکے 122ویں سالانہ کھیلوں کا آغاز ہو گیا ،سالانہ کھیلوں کے لیے ٹارچ ریلی کا آغاز گورنر ہاؤس سے ہوا،
جہاں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مشعل روشن کی اور اسے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کے حوالے کیا۔وائس چانسلر نے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کے ہمراہ گورنر ہائوس سے یونیورسٹی کے کلاک ٹاور تک مشعل ریلی نکالی،وائس چانسلر نے مشعل خصوصی طلباء کے وفد کے حوالے کی۔
افتتاحی تقریب میں جی سی یو کے36شعبہ جات کے چاق وچوبند دستوں نے مہمان خصوصی کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا اور جی سی یووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کو پر جوش سلامی پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کاکہنا تھا کہ طلباء کی تربیت اور انہیں برداشت کا سبق دینے کے لیئے سپورٹس انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ جی سی یو کے کھلاڑی عالمی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کر رہے ہیں،
پاکستان میں طلباء طالبات کے لیے کھیلوں کے موقع پیدا کرنے چاہیے۔جی سی یو شعبہ کامرس اینڈ فنانس نے بہترین مارچ پاسٹ دستے کا اعزاز حاصل کیا،جبکہ شعبہ انٹر نیشنل ریلیشنزاور شعبہ قانون دوسرے نمبر پر رہے۔شعبہ سائیکالوجی اور سسٹین ایبل سٹڈی سینٹر نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔سالانہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں قوالی نائٹ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس نے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔کھیلوں کا اختتام 11 مارچ کو جی سی یو اوول گراؤنڈمیں منعقدہ تقریب میں ہوگا۔اس موقع پر نائب قاصد ریس،فی میل سٹاف ریس،چاٹی ریس،پیلو فائٹنگ، بوری ریس اور میوزیکل چئیر سمیت مختلف رنگا رنگ جم خانہ مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ ان جم خانہ مقابلوں میں اولڈ روائینز بھی حصہ لیں گے۔












