اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین ملکی سیاسی صورتحال میں دوبارہ متحرک ہو گئے ، جلد ہی جہانگیر ترین کی زیر قیادت پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کا اعلان متوقع ہے جس میں پی ٹی آئی کے منحرف اور پارٹی کو خیر آباد کہنے والے سابق، موجودہ اراکین اور سیاسی رہنما شامل ہو سکتے ہیں ،
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے لاہور میں سیاسی ڈیرہ جما لیا ہے اور ان سے پارٹی کے کئی اہم رہنماﺅں نے ملاقاتیں کی ہیں،ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جہانگیر ترین سے 20سے زائد اہم سیاسی شخصیات ملاقات کرچکی ہیں،ذرائع نے مزید کہا کہ جلد ہی تحریک انصاف کا فارورڈ بلاک سامنے آسکتا ہے۔