غزہ (نیوز رپورٹر)حماس کے دو سینئر عہدیداروں نے بتایا ہے کہ حماس کا ایک اعلی سطحی وفد غزہ میں ایک نازک جنگ بندی کو مزید جاری رکھنے کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے قاہرہ میں تھا۔
عرب ٹی وی کے مطابق ایک اہلکار نے بتایاکہ یہ وفد مصری حکام سے ملاقات کرے گا تاکہ تازہ ترین پیش رفت پر تبادل خیال، جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لینا اور معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے متعلق معاملات کو حل کرنا ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ مصری ثالثین کے ساتھ مذاکرات کے دوران حماس کا وفد مطالبہ کرے گا کہ اسرائیل معاہدے پر عمل درآمد، دوسرے مرحلے کے لیے مذاکرات شروع کرے اور غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کو ممکن بنانے کے لیے سرحدی گذرگاہیں کھولے۔
دوسرے اہلکار نے کہاکہ فلسطینی مزاحمتی گروپ ایک مستقل اور مکمل جنگ بندی کو یقینی بنانے والے جامع معاہدے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ دوسرے مرحلے کے لیے حماس کے مطالبات میں غزہ سے مکمل اسرائیلی انخلا، ناکہ بندی کا خاتمہ، علاقے کی تعمیرِ نو اور قاہرہ میں رواں ہفتے ہونے والے عرب سربراہی اجلاس کے فیصلوں کی بنیاد پر مالی معاونت شامل ہیں۔