لاہور(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفرنے اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسی اور نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی رہنمائی میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی لاہور جنرل ہسپتال کے ہیلتھ پروفیشنلز کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات برؤئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل ہسپتال میں رواں سال کے پہلے 9ماہ کے دوران شعبہ ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر 18لاکھ18ہزار665مریضوں کا علاج کیا گیا جس کیلئے تمام مریضوں کو بلا تفریق معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔
اس امر کا اظہار انہوں نے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کی اعلیٰ سطحی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدرارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایم ایس ڈاکٹر ندرت سہیل و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔پروفیسر الفرید ظفر نے اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس کو کہا کہ وہ تمام شعبوں میں باہمی کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط اور مستحکم بنا ئیں اور علاج معالجے کے لئے آنے والے مریضوں کے بہتر اور معیاری علاج میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیاکہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آیا کریں کیونکہ خوش اخلاقی بھی مریض کی جلد صحت یابی میں اہم کردار ادا کر تی ہے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ تمام شعبوں میں مشینری و طبی آلات کو فنکشنل رکھا جائے اور ان ڈور کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں قوانین و ضوابط پر پابندی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ڈسپلن کی پابندی کے بغیر ہسپتال کا گراف بلند نہیں ہو سکتا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر ندرت سہیل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ جنوری تا ستمبر تک 58945مریضوں کو داخل کیا گیا۔110347الٹرا ساؤنڈ،74100ایکسرے،اور50816سی ٹی سکین ہوئے جبکہ 12089ڈائیلسز،51174ای سی جی، 4439گیسٹر و سکوپی پراسیجر ہوئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 1332مریضوں کی شعاعوں سے پتھری تحلیل کی گئی،536نیورو اینجیو گرافی اور251میموگرافی بھی ہوئی۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی،اوقات کار کی پابندی،میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی انتظامی ڈاکٹر دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر نہ جائے۔انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی سمیت تمام شعبوں کا اچانک دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا کریں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کی شکل پر موقع پر ہی کاروائی کی جائے۔
پرنسپل جنرل ہسپتال نے کہا کہ ایمرجنسی میں 916254مریض آئے جنہیں بغیر پرچی فیس کے آپریشن کا سامان، ادویات و تشخیصی سہولیات مفت بہم پہنچائی گئیں۔ پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ سینئر کنسلٹنٹ و جدید طبی سہولیات کی دستیابی سے شہریوں کا ایل جی ایچ پر اعتماد بڑھا جو خوش آئند بات ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی وہ اس معیار کو نا صرف برقرار رکھیں گے بلکہ اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔