اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سوشل میڈیا شخصیت ثنا یوسف کے قتل کیس میں ایک اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے اُس گاڑی کی سپرداری کی درخواست مسترد کر دی جو مبینہ طور پر ملزم نے واردات سے پہلے اور بعد میں استعمال کی۔
گاڑی کے مالک کی جانب سے درخواست دی گئی تھی کہ اس کا کیس سے کوئی تعلق نہیں، نہ وہ نامزد ہے اور نہ ہی مطلوب۔ تاہم، پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ گاڑی ملزم عمر حیات کی نشاندہی پر قبضے میں لی گئی تھی اور اب بھی تفتیش کے لیے درکار ہے۔
پولیس کے مطابق گاڑی کے کرائے کا معاہدہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج پیش نہیں کی گئی، اور گاڑی سے جڑی مزید شہادتیں اب بھی زیرِ تفتیش ہیں۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد گاڑی کی واپسی سے انکار کرتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔









