ایران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا ایک خفیہ ڈرون نیٹ ورک سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران 8 ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا گیا، جب کہ ایک ایجنٹ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خودکشی کی ناکام کوشش کی۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی ایک کارروائی میں سیکیورٹی اداروں نے ایک منی ٹرک کو روکا جو جدید ڈرونز سے بھرا ہوا تھا۔ یہ ٹرک "پشوا” کے علاقے میں قائم ایک خفیہ فیکٹری سے نکل کر ایک نامعلوم مقام کی جانب جا رہا تھا۔
ٹرک کی تلاشی کے دوران 8 انتہائی جدید ڈرونز برآمد ہوئے۔ یہ فیکٹری اسرائیلی ایجنسی موساد کی نگرانی میں کام کر رہی تھی، جس کا انکشاف کچھ روز قبل ایک علیحدہ کارروائی میں بھی ہو چکا تھا۔
سیکیورٹی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ موساد کے 8 ایجنٹوں کو اس خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سائینائیڈ کیپسول نگلنے کی کوشش کی، تاہم بروقت طبی امداد سے اس کی جان بچا لی گئی۔
ایرانی حکام نے کہا ہے کہ یہ کارروائی ملک کی سلامتی کے خلاف جاری بیرونی سازشوں کا حصہ ہے جس کا سختی سے سدباب کیا جائے گا۔