تہران(انٹرنیشنل نیوز )ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے تہران میں تعینات دو فرانسیسی سفارتکاروں کے طرزِ عمل کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے پیرس سے مطالبہ کیا ہے کہ سفارتی ضابطوں سے متصادم اقدامات کی روک تھام کی جائے۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں نوئل بارو سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران یہ معاملہ اٹھایا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس موقع پر دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
عراقچی نے دنوں فرانسیسی سفارتکاروں کے طرزِ عمل پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات تسلیم شدہ سفارتی معیار سے مطابقت نہیں رکھتے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی مشنز پر میزبان ملک کے قوانین اور ضوابط، نیز بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سفارتی اصولوں کی پابندی ضروری ہے۔انھوں نے فرانسیسی حکومت پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کےلئے ضروری اقدامات کرے۔
ایران اور فرانس کے درمیان سفارتی کشیدگی فرانسیسی وزیرِ خارجہ کے اس بیان کے بعد سامنے آئی جس میں انھوں نے الزام لگایا تھا کہ ایرانی سکیورٹی اداروں نے تہران میں تعینات دو فرانسیسی سفارتکاروں کو حراست میں لیا اور ان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا۔بارو کا کہنا تھا کہ یہ دونوں سفارتکار ایرانی عوام اور تعلیمی حلقوں کے ساتھ ثقافتی روابط کے فروغ کے ذمہ دار تھے۔بعد ازاں فرانس کی وزارتِ خارجہ نے پیرس میں ایران کے ناظم الامور کو طلب کیا اور اس واقعے پر احتجاج کیا۔