خواجہ سعد رفیق

توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان سوئٹزر لینڈ بن سکتا ہے‘ خواجہ سعد رفیق

سکردو (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ توجہ دی جائے تو گلگت بلتستان سوئٹزر لینڈ بن سکتا ہے‘ کراچی، پشاور اور لاہور دیکھ لیں اور خود ہی فیصلہ کریں۔

اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے، یہاں کے عوام نے خطے کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق میں کردار ادا کیا۔سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اس تاریخی کردار پر پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کا مقروض ہے، ہماری حکومتوں کو ہٹایا نہ جاتا تو ملک کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوتی۔ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ آپ کے آباﺅ اجداد نے آزادی کی جنگ لڑی، آپ نے اپنا خون دے کر گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ بنایا، پاکستان آپ کے احسان کا مقروض ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی، پشاور اور لاہور دیکھ لیں اور خود ہی فیصلہ کریں، پنجاب کے کسی شہر بھی جائیں آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان میں جدید انفرااسٹرکچرکی بنیاد رکھی، اگر نواز شریف کی حکومتیں نہ گرائی جاتیں تویہ ملک ترقی کرچکا ہوتا، ہم اپنی کوتاہی کا اعتراف کرتے ہیں، این ایف سی میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکو شیئر ملنا چاہیے، این ایف سی میں آپ کا شیئر آئے گا تو پیسے مانگنے کی ضرورت نہیں پڑےگی۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق سے زیادہ صوبوں کے پاس فنڈز ہیں، کراچی بدقسمتی سے گندگی کا ڈھیر ہے،کوئی داد رسی کرنے والا نہیں، پنجاب کے کسی شہر بھی جائیں آپ کو تبدیلی نظر آئےگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، مجھے 22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سن کر بہت تکلیف ہوئی ہے، شہباز شریف نے 100میگاواٹ سولر انرجی پروجیکٹ دیا ہے۔ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ کسی ابراہیمی معاہدے کو ہم تسلیم نہیں کرتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں