احسن اقبال

تعلیم یافتہ نوجوان ہی پاکستان کا اصل سرمایہ ہیں: احسن اقبال

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کا ایٹمی پروگرام نہیں بلکہ اس کی باصلاحیت نوجوان نسل ہے۔

انہوں نے یہ بات "اڑان پاکستان، مٹی کی پکار اوورسیز پاکستانیز سمر سکالرز پروگرام 2026” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حقیقی طاقت اسکی نوجوان نسل ہے جبکہ قوموں کی پائیدار ترقی معدنی وسائل سے نہیں بلکہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت سے وابستہ ہوتی ہے، معیاری تعلیم، جدید مہارتیں، پالیسیوں کا تسلسل اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری ہی کسی بھی ملک کو ترقی کی منزل تک پہنچاتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مستقبل ان قوموں کا ہے جو اپنے نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں۔ نوجوانوں پر کی جانے والی سرمایہ کاری دراصل ملک کے روشن اور مضبوط مستقبل کی ضمانت ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پروگرام کیلئے دنیا کے 54 ممالک سے تقریبا دو ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ شفاف اور مکمل میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے بعد دنیا کی 150 ممتاز جامعات سے تعلق رکھنے والے 45 غیر معمولی اوورسیز پاکستانی طلبہ و طالبات کو منتخب کیا گیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مستقبل میں اپنے علم، صلاحیت اور تجربے سے پاکستان کی ترقی میں موثر کردار ادا کریں گے اور ملک کا مثبت تشخص دنیا بھر میں مزید کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں