لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے وزیر آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی، تحفظ دینے والے مجھے مارنا چاہتے ہیں تو تحفظ کون دے گا۔
لاہور ہائیکورٹ میں 121مقدمات کے اخراج سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کے دوران عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ مجھے وزیر آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی، اسلام آباد میں بال بال بچا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی وردی میں ملبوس افراد نے مجھے قتل کرنا تھا، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، انہیں ڈر ہے کہ یہ الیکشن ہار جائیں گے، میں آگیا توان کا احتساب ہوگا، اس سے ڈرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزرات داخلہ کہتی ہے جان کو خطرہ ہے، مجھے کوئی سکیورٹی فراہم نہیں کی جا رہی، تحفظ دینے والے مجھے مارنا چاہتے ہیں تو تحفظ کون دے گا، مجھے ابھی تک عدلیہ نے بچایا ہے۔