لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے لاہور گورنر ہاوس کے باہر تین روزہ کامیاب دھرنے پر قوم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ جماعت اسلامی ہی عوام کی حقیقی ترجمان ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو اجاگر کیا ہے،اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
محمد جاوید قصوری نے کہاکہ چوروں ،لیٹروں اور کرپٹ افراد نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حلیہ ہی بگاڑ کر رکھ دیا ہے ۔اب وقت آگیا ہے کہ ان شعبدہ بازوں سے نجات حاصل کی جائے اور ایسی لیڈر شپ کو موقع دیا جائے جو کام کرنے کا جذبہ رکھتی ہو ۔ قوم نے اگر اعتماد کا اظہار کیا تو ملک و قوم کی تقدیر کو بدل کر رکھ دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت نے بھی سابقین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بے حسی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں ۔ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے ۔ ان ظالم حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔ ملک میں خودکشیاں ہو رہی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات کو بدلنا ہے تو عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا ۔ پاکستان میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں محب وطن قیادت فراہم اور معاشی بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے ۔ قوم نے 76برسوں سے ہر کسی کو آزما لیا ہے۔کسی نے” قرض اتارو ملک سنوارو” کا نعرہ لگا کر عوام کو گمراہ کیا، کسی نے ”روٹی کپڑا اور مکان” کا جھانسا دیا تو کبھی کسی نے” تبدیلی ”کے نام پر عوام کے جذبات کا خون کیا ۔ سب نے مایوس کیا ہے۔









