انڈیا میں پولیس نے ایک گروہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس نے بینک سے قرضہ نہ ملنے پر انوکھی ڈکیتی کی واردات کی۔ پولیس کے مطابق اس گروہ نے ایک بینک کی کھڑکی توڑ کر اور اوزاروں کی مدد سے لاکرز کھول کر کروڑوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات چوری کیے۔
ملزمان نے ثبوت مٹانے کے لیے جائے وقوعہ پر مرچوں کا پاؤڈر چھڑکا اور ویڈیو ریکارڈر لے کر سی سی ٹی وی فوٹیج چھپانے کی کوشش کی۔ تاہم پانچ ماہ بعد پولیس نے ملزمان کا سراغ لگا کر چوری شدہ سونے کے زیورات برآمد کر لیے۔
پولیس نے بتایا کہ ریاست تمل ناڈو کے ضلع مدورئی میں واقع سٹیٹ بینک آف انڈیا کی برانچ سے لوٹا گیا 17 کلو سونا ایک کھیت کے کنویں میں چھپایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان میں چھ افراد شامل تھے، جن میں مرکزی ملزم 20 سال سے اپنے والد کے ساتھ بیکری چلا رہا تھا۔ اس نے قرض کے لیے درخواستیں مسترد ہونے پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی اور اس کے لیے ویب سائٹس کے ذریعے تربیت حاصل کی۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان نے واردات میں استعمال ہونے والی اشیا جھیل میں پھینک دیں۔