فیصل آباد (کامرس رپورٹر)بینکوں سے نئے کرنسی نوٹوں کے حصول میں ناکامی کے بعد شہریوں نے عید الفطر پر عیدی دینے کے لئے اوپن مارکیٹوں کا رخ کر لیا جہاں بلیک میں فروخت عروج پرہے۔
پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں اسٹیٹ بینک کی عمارت کے باہراوردیگر مقامات پر نئے کرنسی نوٹ فروخت کرنے والے بڑے پیمانے پرطلب کو دیکھتے ہوئے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ 10 روپے والی نئے نوٹوں کی گڈی پراضافی 300سے 400روپے وصول کئے جارہے ہیں،20روپے والی گڈی پر 600سے 700روپے، 50 روپے والی گڈی پر 1000سے 1300روپے،100 روپے والی نئے کرنسی نوٹوں کی گڈی 1500سے 1700روپے اضافی مانگے جارہے ہیں۔
شہریوں کا اسٹیٹ بینک کی طرف سے بینکوں کو27ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا دعوی تو کیا گیا ہے لیکن شاید یہ چھوٹے اکاﺅنٹ ہولڈرز کے لئے نہیں ہیں۔بہت سے لوگ بینکوں میں اکاﺅنٹس نہیں رکھتے اس لئے انہیں تو نئے کرنسی نوٹ ملنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔









