پشاور(نیوز رپورٹر)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔
جاری اعلامیے کے مطابق بیرسٹر سیف نے قائمقام افغان سفیر مولوی سردار احمد شکیب سے ملاقات کی۔سینئر سیاستدان محمد علی درانی اور مولانا فضل الرحمن خلیل بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔بیرسٹر سیف نے افغان قیادت کیلئے بانی پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے دیا گیا خصوصی خیر سگالی پیغام افغان وفد کو دیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان افغانستان دو طرفہ تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران بیرسٹر سیف نے کہا کہ قبائلی و سیاسی عمائدین اور علماء کا وفد افغانستان لانا چاہتے ہیں۔دوسری جانب افغان سفیر نے بیرسٹر سیف سے گفتگو کے دوران کہاکہ پاکستان افغانستان تعلقات کی مضبوطی خطے اور عوام کے مفاد میں ہے، پاک افغان تعلقات کی بہتری کیلئے آپ کا کردار قابل تعریف ہے۔
٭٭٭٭٭