بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ایک ہندو مذہبی تہوار کے لیے سفر کرنے والے یاتریوں کی بس سلنڈر سے لدے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ہولناک دھماکا ہوا اور بس مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آگئی۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری کے باعث یاتریوں کی بس قابو سے باہر ہوکر سامنے سے آنے والے گیس سلنڈر سے بھرے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ٹکر کے فوری بعد زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور مسافر بس مکمل طور پر جلنے لگی۔
مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم آتشزدگی اتنی شدید تھی کہ 18 مسافر موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، جبکہ ریاستی حکومت نے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اتراکھنڈ میں بھی اسی نوعیت کے ایک حادثے میں درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔









