فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارتی جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کو مؤثر انداز میں بے نقاب کرنے پر پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے کردار کو "فولادی دیوار” سے تشبیہ دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، معرکہ حق اور آپریشن "بنیان مرصوص” کے پس منظر میں افواج پاکستان کے بلند حوصلے، قوم کی لازوال استقامت اور سیاسی قیادت کی یکسوئی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک اہم عشائیہ منعقد کیا گیا۔
اس پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سرکاری افسران اور ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر محاذ پر ثابت قدمی سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ میڈیا اور نوجوانوں نے حقائق کو اجاگر کر کے قوم کے اعتماد کی لاج رکھی۔ آپریشن "بنیان مرصوص” میں تینوں افواج کی مثالی ہم آہنگی نے کامیابی کو یقینی بنایا۔
شرکاء نے قومی قیادت کی بصیرت افروز حکمت عملی، فوج کے جذبہ قربانی، اور عوام کی بے مثال حب الوطنی کو سراہا۔