'زویگاٹو'

بھارتی فلمساز اداکارہ نندیتا داس کی فلم ”زویگاٹو” کا ٹریلر جاری

ممبئی (شوبز ڈیسک)بھارتی فلمساز اور اداکارہ نندیتا داس نے اپنی آنے والی فلم ‘زویگاٹو’ کا ٹریلر جاری کردیا ہے جس میں مرکزی کردار معروف کامیڈین کپل شرما ادا کر رہے ہیں۔

فلم کے ٹریلر لانچ ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کپل شرما نے کہا کہ فلمساز نندیتا داس نے انہیں کہا تھا کہ اگر اس فلم کیلئے شاہ رخ خان رضا مندی ظاہر کرتے تو بھی انہیں کاسٹ نہیں کرتیں۔کپل شرما کے مطابق نندیتا داس نے انہیں کہا کہ فلم کیلئے ایک عام سے چہرے کی ضرورت تھی اسی لیے انہیں کاسٹ کیا گیا۔

خیال رہے کہ زویگاٹو ایک فوڈ ڈلیوری بوائے کی کہانی ہے۔ کپل نے بتایا کہ جب وہ ممبئی میں آئے تھے تو شوبز میں کام ڈھونڈنے کے ساتھ ساتھ ایک غیر ملکی مشروب ساز کمپنی میں ملازمت بھی کرتے تھے۔ اس کمپنی کے مشروبات ٹرکوں میں ڈلیور ہوتے تھے، اس وقت کوئی ایپلی کیشن موجود نہیں تھی، جب نندیتا داس میرے پاس اس فلم کی کہانی لے کر آئیں تو مجھے اس میں کہیں نہ کہیں اپنی کہانی بھی نظر آئی۔

کپل نے بتایا کہ انہیں اس بات کا تجسس تھا کہ نندیتا نے انہیں ہی اس کردار کیلئے کیوں چنا لہٰذا انہوں نے نندیتا سے یہ سوال کر ہی ڈالا۔کپل کے مطابق نندیتا نے جواب دیا کہ ‘اگر گلوبل اسٹار شاہ رخ خان بھی اس فلم کیلئے رضامندی ظاہر کرتے تو بھی میں انہیں نہیں لیتی اور تمہیں کاسٹ کرتی کیوں کہ تم عام سی شکل و صورت کے حامل ہو جو عوام میں کہیں بھی فٹ ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں