اسلام آباد:
بھارتی حکومت کی جانب سے آذربائیجان کے خلاف شروع کی گئی بائیکاٹ مہم پر پاکستان نے کھل کر آذربائیجان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات کی اور پاکستان کے مؤقف کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے سیاحتی ویزے منسوخ کرنا اور سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانا دراصل آذربائیجان کی پاکستان دوستی سے خائف ہونے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی و ثقافتی روابط مزید گہرے ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آذربائیجان کی کاروباری برادری کے لیے اسلام آباد میں خصوصی چیمبر آف کامرس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جب کہ پاکستان سے براہ راست پروازیں سیاحتی و تجارتی میدان میں مثبت تبدیلی لائیں گی۔
سفیر خضر فرہادوف نے پاکستان کے اس دوستانہ اور اصولی رویے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آذربائیجان نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شوبز اور میڈیا کا استعمال کر کے پاکستان دشمنی کا نیا رخ اختیار کیا جا رہا ہے، جس کا جواب دوستی اور اصولوں سے دیا جائے گا۔