ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین پر امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مٹھی بھر شرپسندوں کی وجہ سے روکا نہیں جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا جہاں اُن کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے "آپریشن بنیان مرصوص” کے تناظر میں پاک فوج کی حکمت عملی، کامیاب کارروائیوں اور قوم کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام پاکستان کی تہذیب، دین، تاریخ اور روایات سے جُڑی ہوئی ہے اور ترقی کا سفر عوام اور افواج کے باہمی تعاون سے جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا کردار ملک کی سلامتی، اتحاد اور کامیابیوں میں ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا”۔
طلباء و طالبات نے پاک افواج کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور اس قسم کے مزید انٹرایکٹو سیشنز منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ نوجوان نسل کو ملکی حالات اور دفاعی امور پر براہِ راست آگاہی حاصل ہو۔