بلوچستان میں مبینہ غیرت کے نام پر ایک خاتون اور مرد کو سفاکی سے قتل کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس نے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ ویڈیو میں دونوں افراد کو فائرنگ کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی دباؤ میں آ کر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔
ترجمان حکومت بلوچستان، شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ عیدالاضحیٰ کے دوران پیش آیا، تاہم کسی بھی خاندان کی جانب سے پولیس میں رپورٹ درج نہیں کرائی گئی۔ اس کے باوجود حکومت نے از خود مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اب تک ایک ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
شاہد رند کے مطابق ویڈیو کی مدد سے تمام ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کا ڈیٹا نادرا کو بھی بھیج دیا گیا ہے، جبکہ چھاپے مار کر باقی مفروروں کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تاحال مقتولین کی لاشیں برآمد نہیں ہوسکی ہیں، جس سے معاملہ مزید خوفناک شکل اختیار کر چکا ہے۔