اسلام آباد (ویب ڈیسک):
پاکستان میں امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعے پر پاکستانی قوم کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
نیٹلی بیکر کا بیان امریکی سفارتخانے کے X (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا:
"ہم بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر کیے گئے بزدلانہ اور سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے عوام اور قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
انہوں نے کہا:
"معصوم بچوں کا قتل ناقابلِ فہم اور دل دہلا دینے والا ہے۔ ہم اُن خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے، اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ کوئی بچہ اسکول جاتے ہوئے خوف میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔”
نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ امریکہ ان تمام پاکستانی شہریوں کے ساتھ کھڑا ہے جو شدت پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، اور ایک پرامن مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔