لاہور( این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے ۔
اپنے بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت اور شہدا ء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردوں سے سینہ سپر سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ فعل سے واضح ہے کہ عالمی سطح پر خصوصاً سفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہو رہی،پاکستانی قوم اپنے وطن کی حفاظت اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہے۔
٭٭٭٭٭