اسلام آباد(نیوز رپورٹر)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بعض پاکستانی زائرین کی طرف سے حرم کے احترام کو مدِنظر نہیں رکھا گیا وہ قابلِ افسوس ہے۔
اپنے ایک بیان میں طاہراشرفی نے کہا کہ حج اور عمرہ زائرین پر لازم ہے کہ سعودی قوانین پر عمل کریں، سعودی اداروں کی کوشش ہوتی ہے کہ اللہ کے مہمانوں کی بھرپورخدمت کریں، سعودی عرب اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مملکت سعودی عرب ایک وقت میں لاکھوں زائرین کی خدمت کر رہی ہوتی ہے، حرم شریف کی حدود میں جہاں بھی نماز ادا کی جائے اس کا ثواب ایک لاکھ نماز کے برابر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خاتون کا سعودی عرب کی سلامتی کے ادارے کے نوجوان کو مارنا انتہائی افسوسناک عمل ہے، حرم اور مسجدِ نبویﷺ میں کپڑے دھونا، لٹکانا اور بدلنا سعودی قوانین کے خلاف ہے، سعودی حکومت اس پر ایکشن لیتی ہے تو وہ حق بجانب ہوگی۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ صرف طواف کیلئے احرام باندھنا بھی سعودی قوانین کے خلاف ہے، یہ پاکستان کے عمرہ و حج زائرین کیلئے مشکلات کا سبب بھی بن رہا ہے









