اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کا کوئی جواب آتا ہے تو ویلکم کریں گے، عمران خان نے کہا ہے چاہے ادارہ ہو یا اس کا سربراہ، فوج ہماری ہے، پارٹی کا اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا انہوں نے آرمی چیف کو خط لکھا، میں نے اب تک ان کا یہ خط پڑھا یا دیکھا نہیں۔بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خط کے مندرجات خود پڑھ کر سنائے، انہوں نے کہا کہ فوج کی بڑی قربانیاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا عمران خان نے کہا تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم کی حیثیت سے خط لکھنا چاہتے ہیں، خط میں انہوں نے اپنے دل کی بات کھل کر کی، اگر وہاں سے کوئی جواب آتا ہے تو ہم اسے ویلکم کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کہ کیا فوج کی قیادت آپ سے رابطے میں ہے۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ ایک میٹنگ ہوئی تھی جو امن و عامہ پر تھی اس کے سوا کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔ گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ چاہے ادارہ ہو یا اس کا سربراہ، فوج ہماری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اکتوبر میں ضرور ایک ملاقات ہوئی تھی، جس میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بات چیت ہوئی تھی، تاہم اس میں کوئی سیاسی مطالبہ نہیں رکھا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، کیونکہ پرامن جلسے، ریلیاں اور احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے۔