اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کوپیرول پررہا نہیں کیا جائےگا،ایک انٹرویو میں طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدارسنبھالتے ہی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا، امریکا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کوئی فرق نہیں آیا، امریکی بل سے متعلق پی ٹی آئی والے خواب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی خواہشات آج کے دن تک پوری نہیں ہوسکیں، امریکا کے کسی فرد نہیں ریاست کےساتھ تعلقات ہے، پی ٹی آئی پاکستان کےخلاف لابنگ کررہی ہے، یہ تو کہتے تھے ےٹرمپ کے حلف لینے سے پہلے ہی عمران خان باہرآجائیں گے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا امریکی بل سے متعلق سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ تھوڑا سا انتظارکرلیں یہ صورتحال بھی ڈیفیوزہوجائے گی، پی ٹی آئی ریاست کوبلیک میل کرکے اپنے مقاصد پورے نہیں کر سکتی، ہم بلیک میل نہیں ہوں گے۔طلال چودھری نے کہا کہ یہ کسی نہ کسی طریقے سے این آراولینے کی بات کرتے ہیں، عمران خان کو پیرول پررہا کر نے کی کوئی سوچ نہیں ہے،اور نہ ہی انہیں رہا کیا جائےگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف بطورجماعت قومی سلامتی کمیٹی میں شریک ہوسکتی ہے،وہ اپنی غلط فہمی دورکرلیں۔