ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارت کے معروف اور سینئر اداکار نوازالدین صدیقی نے رنگت کی بنیاد پر امتیاز کو بالی ووڈ کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلمیں اکثر گوری رنگت کے معیار پر لکھی اور پروڈیوس کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے گندمی یا سانولی رنگت رکھنے والے فنکاروں کو مرکزی کردار کم ہی ملتے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں نوازالدین صدیقی نے کہا کہ اگرچہ بالی ووڈ میں اقربا پروری پر کافی بحث ہوتی ہے لیکن ان کے نزدیک اصل مسئلہ رنگت کی بنیاد پر ہونے والا امتیاز ہے۔ ان کے مطابق خوبصورتی کی تعریف کسی مخصوص معیار تک محدود نہیں ہونی چاہیے یہ فیصلہ لوگوں پر چھوڑ دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی دھارے کی فلموں میں آج بھی زیادہ تر کردار گوری رنگت کے حامل اداکاروں کے گرد ہی گھومتے ہیں جبکہ سانولی رنگت رکھنے والی خواتین کو عموما اوسط سمجھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق یہ سوچ فلمی نظام میں بھی گہرائی تک موجود ہے جہاں کہانیاں مخصوص جسمانی معیار کو سامنے رکھ کر لکھی جاتی ہیں۔












