اسلام آباد: اقتصادی سروے کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 7 لاکھ 27 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے ملازمت کے مواقع کی تلاش میں بیرون ملک کا رخ کیا۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ افرادی قوت صوبہ پنجاب سے بیرون ملک گئی، جہاں سے 4 لاکھ 4 ہزار 345 افراد نے ہجرت کی۔ اس کے بعد خیبر پختونخواہ کا نمبر آتا ہے جہاں سے 1 لاکھ 87 ہزار شہری بیرون ملک ملازمت کے لیے روانہ ہوئے۔
سندھ سے 60 ہزار 424 افراد نے روزگار کے لیے بیرون ملک سفر کیا، جبکہ قبائلی اضلاع سے 29 ہزار 937 مزدور بیرون ملک گئے۔
اسی طرح آزاد کشمیر سے 29 ہزار 591 افراد، اسلام آباد سے 8 ہزار 621، اور بلوچستان سے 5 ہزار 668 ورکرز نے بیرونی ممالک میں قسمت آزمائی کی۔ گلگت بلتستان سے سب سے کم، یعنی صرف 1692 افراد نے بیرون ملک ملازمت اختیار کی۔
یہ اعداد و شمار ملک میں روزگار کے مواقع کی قلت اور عوام کی بیرون ملک ملازمتوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتے ہیں۔