اسلام آباد(کورٹ نیوز)سپریم کورٹ نے ایمان مزاری کیس کی سماعت ملتوی کردی جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس 24 جولائی کو سماعت کیلئے لگ گیا ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔وکیل ایمان مزاری فیصل صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں سماعت کی وجہ سے کیس لگا ہے، سپریم کورٹ سے صرف انصاف ملتا ہے، گذشتہ سماعت پر پراسیکیوشن کی وجہ سے کیس ملتوی ہوا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ میں بیٹھ کر ہائیکورٹ کارروائی کو ریگولیٹ نہیں کر سکتے، وکیل فیصل صدیقی نے موقف اپنایا کہ متعدد کیسز میں سپریم کورٹ نے ہائیکورٹس کو احکامات جاری کیے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ریگولیٹ کرنے اور احکامات جاری کرنے میں فرق ہے، وکیل فیصل صدیقی نے دلیل دی کہ میرے قابل سماعت کے قانونی نقطہ پر دلائل سن لیں، دوسرا یہ ہو سکتا ہے کیس کو دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دئیے کہ اس طرح ملتوی کرنا ہائیکورٹ کارروائی پر نگرانی کے مترادف ہوگا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہائیکورٹ کی کاروائی چلے۔وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ تو پھر ہائیکورٹ میں کیس چلا لیں۔عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی اور کہا کہ کوئی ہنگامی صورت ہو تو وکیل جلد سماعت کی درخواست دے سکتے ہیں۔