امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کی نئی سیاسی جماعت بنانے کے اعلان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ تیسری پارٹی کا قیام ایک "مضحکہ خیز” اور "غیر ضروری” اقدام ہے، جو صرف امریکی سیاست میں پیچیدگی پیدا کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ وہ "امریکا پارٹی” کے نام سے ایک نئی سیاسی جماعت قائم کر رہے ہیں، جس کا مقصد موجودہ دو جماعتی نظام کو چیلنج کرنا اور عوام کو آزادی دینا ہے۔
نیوجرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، "اگر مسک کو ایسا کرنا پسند ہے تو ضرور کریں، لیکن یہ قدم نہ صرف فضول ہے بلکہ الجھن کا باعث بھی بنے گا۔”
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں ایلون مسک، ٹرمپ کے قریبی حامیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد، انہوں نے مسک کو "ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی (DOGE)” کا سربراہ بھی مقرر کیا تھا، مگر بعد ازاں دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور مسک نے استعفیٰ دے دیا۔
ٹرمپ نے گفتگو کے دوران یہ عندیہ بھی دیا کہ وہ جلد حماس کے ساتھ ممکنہ معاہدے اور سیلاب زدہ ٹیکساس کے دورے کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔