وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا مرکزی کارندہ گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم محمد عدنان اسلم ایران کے راستے پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر عراق منتقل کرنے میں ملوث تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق یہ گینگ عراق میں سیف ہاؤسز قائم کرکے متاثرین کو محصور رکھتا اور ان کے اہل خانہ سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے انسانی اسمگلنگ کے ناقابلِ تردید شواہد ملے ہیں، جبکہ متاثرین کے گھر والوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم کی تفصیلات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔









