ایران کے ساتھ جنگ بندی کے بعد اب اسرائیل کے اندر سے غزہ میں جاری لڑائی روکنے کی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ میں فوجی کارروائیاں ختم کرے اور قیدیوں کی واپسی کو یقینی بنائے۔
سینٹر-لیفٹ جماعت "ڈیموکریٹس” کے سربراہ یائیر گولان کا کہنا ہے کہ:
"اب وقت آ چکا ہے کہ مشن مکمل کیا جائے — تمام یرغمالیوں کو وطن واپس لایا جائے، غزہ کی جنگ ختم کی جائے اور اسرائیل میں اندرونی خلفشار اور عدم استحکام کی کوششوں کو روکا جائے۔”
اسی طرح اپوزیشن رہنما یائیر لاپڈ نے بھی جنگ کے خاتمے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے "ٹائمز آف اسرائیل” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"اب باری ہے غزہ کی۔ وہاں بھی معاملہ نمٹانا ہوگا۔ یرغمالیوں کو واپس لانا ہے اور اسرائیل کو نئے سرے سے تعمیر کرنا ہے۔”
یہ بیانات ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب ایران کے ساتھ جنگ بندی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور خطے میں کشیدگی میں کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔