تہران: ایران نے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد سے وابستہ ایک اہم سائبر ماہر محمد امین شایستہ کو جاسوسی کے جرم میں سزائے موت دے دی ہے۔ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق شایستہ کو 2023 کے آخر میں گرفتار کیا گیا تھا، اور ان پر الزام تھا کہ وہ اسرائیل کے لیے سائبر جاسوسی میں ملوث تھے۔
ایرانی عدلیہ کا کہنا ہے کہ محمد امین شایستہ نے حساس سیکیورٹی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی گئی، اور سپریم کورٹ سے توثیق کے بعد سزا پر عمل درآمد کیا گیا۔
13 جون کو اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے جاسوسی کے الزامات میں تین افراد کو موت کی سزا دی ہے۔ ایک روز قبل بھی موساد سے وابستہ ایک اور ایجنٹ، مجید موسیبی، کو حساس جوہری معلومات افشا کرنے کی کوشش پر سزائے موت دی گئی۔
ایرانی حکام ماضی میں بھی موساد سے منسلک جاسوسوں اور تخریب کاروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے رہے ہیں، جنہیں قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔