فیصل آباد (ایجوکیشن ڈیسک)ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد سلوت سعید کی ہدایت پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد نے سال 2022ءمیں لکھی اور شائع شدہ کتب کے مقابلہ کا اعلان کر دیا۔
سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن کے مطابق یکم جنوری 2022ءتا 31 دسمبر 2022ءکے دوران علمی و ادبی ‘سائنسی اور تحقیقی موضوعات پر لکھی گئیں کتب کے مصنفین مقابلہ کتب میں شرکت کر سکیں گے۔اس مقصد کیلئے اساتذہ کرم‘ پروفیسر حضرات اور بورڈ ملازمین اپنی شائع شدہ کتب کی پانچ جلدیں 31 جولائی 2023 ءتک ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ریسرچ برانچ کو بھجوائیں گے بعد میں ججز کے فیصلہ کے مطابق پوزیشنوں کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ ھذا سے الحاق شدہ تدریسی اداروں کے حاضر سروس و ریٹائرڈ اساتذہ ‘ پروفیسر اور بورڈ ملازمین حصہ لینے کے اہل ہیں۔ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ مقابلہ کتب میں شرکت کرنے والے خواہشمند مقابلہ میں شرکت کا پروفارمہ و تفصیلات ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ریسرچ برانچ یا ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk سے بھی ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی کتب مقابلہ میں شامل نہیں کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں اگر کسی کو معلومات درکار ہوں تو وہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ریسرچ برانچ کے فون نمبر0419330250 یا موبائل نمبر03336505886 پر رابطہ کرسکتا ہے۔