کراچی (نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کہ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے، اگست میں الیکشن کی طرف جارہے ہیں، عوام بلاول بھٹو کو اگلا وزیراعظم بنائیں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پیپلزپارٹی نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں پی پی نے دیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، سندھ میں صحت کی بہترین سہولیات ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے، اگست میں الیکشن کی طرف جارہے ہیں، پیپلزپارٹی ہمیشہ الیکشن کے لیے تیار رہتی ہے، کوشش ہے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے انتخابات ہوں، عوام اس بار پیپلزپارٹی کو موقع دے گی، عوام بلاول بھٹو کو اگلا وزیراعظم بنائیں گے، عوام نے تمام لوگوں کی کارکردگی کو دیکھ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈرشپ کا قتل ہوا مگر ہم نے کسی ادارے پر حملہ نہیں کیا، پیپلزپارٹی نے کبھی کسی ادارے پر حملہ نہیں کیا، اسرائیل پی ٹی آئی قیادت کی حمایت میں سامنے آیا، اسرائیل نے پی ٹی آئی کو فنڈنگ کی، اسرائیل کا کھل کر سامنے آنا قوم کی آنکھیں کھلونے کیلئے کافی ہے، اسرائیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پاکستان میں لانچ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فاشسٹ جماعت بن کر سامنے آئی، 9 مئی واقعے کے ذمہ داروں کی گرفتاریوں پر اسرائیل کو کیوں تکلیف ہے، انہوں نے پوری کوشش کی پاکستان ڈیفالٹ کرے، چیئرمین پی ٹی آئی ہر وہ کام کرتا ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہو۔









