راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ) وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 1971 کے انتخابات نے ملک کو دولخت کیا تھا، اگر یہ الیکشن ہوا تو تباہی کا سبب بنے گا۔ راولپنڈی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 1971 کے انتخابات نے ملک کو دولخت کیا، 71 اور 77 کے الیکشن کے نتائج آج تک بھگت رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک بار پھر متنازع انداز میں الیکشن کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، اگریہ الیکشن ہوا تو تباہی کا سبب بنے گا، متنازع الیکشن ملک کو تباہی اورافراتفری کی طرف لے جائے گا۔
راناثنا اللہ نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، الیکشن لڑ کر اور ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں، الیکشن ضرور ہوں لیکن وقت پر ہونے چاہئیں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہونے چاہئیں، اتحادی حکومت کو ضد اور ہٹ دھرمی قبول نہیں، عمران خان کی ضد نے ملک کو نقصان پہنچایا۔









