اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل جانے والے قافلے کو سکیورٹی و انتظامی وجوہات پر روکا گیا۔
طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ جذبات بھری کہانیوں اور سیاسی ڈرامے سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر اور سکیورٹی پروٹوکولز سے مستثنی نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے لکھا کہ واقعے کو خیبر پختونخوا کے عوام کی توہین بنا کر پیش کرنا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، صوبائی حکومت صوبے کے عوام کے سنگین مسائل حل کرنے پر توجہ کب دے گی؟ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا جمہوری اور آئینی حق ہے لیکن کسی گروپ کو شہر یرغمال بنانے اور شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی کا اختیار نہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ شہر کے عوام بار بار خلل آور سیاست کی زد میں آتے ہیں، سڑکوں کی بندش سے کاروبار کا نقصان اور عوامی تکلیف ہر بار برداشت کرنی پڑتی ہے، عمران خان کی صحت سے متعلق مبالغہ آمیز دعوے تصادم بڑھانے کیلیے کیے جا رہے ہیں۔طبی تشویش ہے تو عدالتوں اور متعلقہ اداروں کا راستہ موجود ہے، ہر مسئلے کو ریاست اور قومی اداروں کے خلاف مہم میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے، ایک مخصوص سیاسی جماعت تقسیم، اشتعال اور عدم استحکام کو فروغ دے رہی ہے۔طارق فضل چوہدری نے لکھا کہ آئین و قانون کی حکمرانی اور مضبوط اداروں سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا، افراتفری، انتشار کی سیاست اور جعلی بیانیے ملکی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔