ارجنٹائن

انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے متنازع بینر لہرا دیا

نیویارک (سپورٹس نیوز)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دینے کے بعد ارجنٹائن کے چند کھلاڑیوں کی جانب سے فالکلینڈز جزائر سے متعلق ایک سیاسی بینر لہرانے پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ اس واقعے نے نہ صرف کھیل کے میدان سے باہر سیاسی تنازع کو ایک بار پھر زندہ کر دیا ہے بلکہ فیفا کے ضابطہ اخلاق پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

میچ کے اختتام پر ارجنٹائن کے کھلاڑی لیساندرو مارٹینیز اور جیووانی لو سیلسو نے جیت کی خوشی مناتے ہوئے ایک بینر اٹھایا جس پر ہسپانوی زبان میں لاس مالویناس سن ارجنٹیناس یعنی فالکلینڈز ارجنٹینا کے ہیں تحریر تھا۔ دونوں کھلاڑی مسکراتے ہوئے یہ بینر شائقین کو دکھاتے رہے جبکہ ان کے ساتھ موجود نکولس اوتامندی بھی اس موقع پر نظر آئے۔یہ اشارہ ان جزائر کی طرف تھا جنہیں برطانیہ میں فالکلینڈ کہا جاتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے ان پر ملکیت کا جھگڑا چل رہا ہے۔

کھلاڑیوں کا یہ اقدام فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے قوانین کے خلاف دکھائی دیتا ہے۔ فیفا کے اسٹیڈیم کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر کسی بھی قسم کے سیاسی، نسلی یا تعصبی بینر، جھنڈے اور اشاراتی لباس لے جانے پر سخت پابندی ہے۔ ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کی جانب سے اس بینر کی نمائش کو اسی ضابطے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا فیفا اس معاملے پر کوئی کارروائی کرتا ہے یا اسے محض ایک علامتی اظہار کے طور پر نظر انداز کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں